چین نے5سکینڈ میں 800کلومیٹرکی رفتارسےچلنےوالی ٹرین تیارکرلی

چین میں مقناطیسی قوت سے چلنے والی ٹرین کا 5 سیکنڈ میں 800 کلومیٹر کی رفتار تک پہنچنے کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
چینی صوبے ہوبئی کی ڈونگ ہو لیبارٹری میں ایک کلومیٹر طویل ٹیسٹ ٹریک پر میگ لیو ٹرین نے صرف 5.3 سیکنڈ میں صفر سے 800 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کی۔
محققین کے مطابق ٹرین نے انتہائی تیز رفتار سے سفر کرنے کے ساتھ ساتھ جدید بریکنگ سسٹم کے ذریعے محفوظ طریقے سے رکنے کا بھی مظاہرہ کیا۔ 800 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹرین تقریباً 200 میٹر میں بتدریج رک گئی۔
میگ لیو ٹیکنالوجی میں مقناطیسی قوت کے ذریعے ٹرین کو پٹری سے معمولی بلند رکھا جاتا ہے، جس سے رگڑ تقریباً ختم ہوجاتی ہے اور ٹرین کو انتہائی تیز رفتاری سے چلانے میں مدد ملتی ہے۔
جون 2025 میں ٹرین نے 7 سیکنڈ میں 650 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرکے پہلی بار ریکارڈ قائم کیا تھا، جس کے بعد 700 اور پھر 798 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ریکارڈ بھی قائم کیے گئے۔
