عالمی منڈی میں خام تیل سستا،78ڈالرفی بیرل کاہوگیا

عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں کمی کا رجحان بدستور جاری ہے، خام تیل کی قیمت 78 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا رجحان دیکھا گیا۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 92 سینٹ یا تقریباً 1.2 فیصد کمی کے بعد 78.44 ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کے سودے 1.07 ڈالر یا 1.4 فیصد کمی کے ساتھ 74.70 ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔ رواں ہفتے میں امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 11 فیصد سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں طلب اور رسد سے متعلق خدشات سمیت دیگر عوامل کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہتا ہے تو اس کے اثرات تیل درآمد کرنے والے ممالک پر پڑسکتے ہیں، جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔
