بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کی نجکاری،وزیراعظم نے گرین سگنل دیدیا

وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں عالمی معیار کے سرمایہ کاروں کی شمولیت یقینی بنانے کیلئےادارہ جاتی اصلاحات اور تنظیمِ نو کا عمل ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
شہبازشریف کی زیرصدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری اور نجکاری کمیشن کی ادارہ جاتی تنظیم نو سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے کہاکہ ڈسکوز کی نجکاری کے تمام مراحل مقررہ وقت میں طے شدہ قواعد اور بین الاقوامی بہترین طریقہ کار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ قومی اثاثوں کی زیادہ سے زیادہ قدر حاصل کی جا سکے۔
شہباز شریف نے نجکاری کمیشن کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مالیات، قانون اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بین الاقوامی معیار کے ماہرین کی بھرتی کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے پورے عمل میں اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے کنسلٹنٹس کی سفارشات کو شامل کیا جائے۔
اجلاس کے دوران نجکاری کمیشن نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے پہلے مرحلے کی تکمیل کیلئےاب تک کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔
اجلاس کو کمیشن کی ادارہ جاتی تنظیمِ نو کے تحت اعلیٰ صلاحیت کے حامل پیشہ ور ماہرین کی بھرتی سے متعلق پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
