آبی ذخائر کی تعمیر پر حکمت عملی کی تیاری، تمام صوبوں سے مشاورت کا فیصلہ

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں آبی ذخائر کی تعمیر کے لیے جامع حکمت عملی پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت جلد ایک اعلیٰ سطح اجلاس بلایا جائے گا۔ اس اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، متعلقہ اداروں کے سربراہان، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بھی شریک ہوں گے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر پالیسی مرتب کی جائے، جس کا ورکنگ پیپر تمام صوبائی حکومتوں سے شیئر کیا جائے گا تاکہ قومی سطح پر ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال کے بعد فوراً اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مشترکہ طور پر آبی وسائل کے تحفظ اور نئے آبی ذخائر کی تعمیر پر اقدامات کیے جا سکیں۔
وزیراعظم نے کہا "موسمیاتی تبدیلی ایک ناقابل انکار حقیقت ہے، اور اس سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیاری اور مشترکہ کوششیں ہی نقصان کو کم کر سکتی ہیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ "یہ ایک قومی مسئلہ ہے، اور وفاق، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو مل کر پائیدار حل نکالنا ہوگا۔”
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ آبی ذخائر کی تعمیر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور اتفاق رائے سے کی جائے گی تاکہ مستقبل میں پانی کی قلت، سیلابی صورتحال اور زرعی مسائل کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
