پنجاب میں الیکٹرک بس سروس کو 147 تحصیلوں تک توسیع دینے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے گرین الیکٹرک بس سروس کا دائرہ صوبے کی 147 تحصیلوں تک بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ گرین الیکٹرک بسوں کے منصوبے سے صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں تبدیلی آئی ہے، جب کہ عوام کی جانب سے اس جدید سفری سہولت کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں کے شہری وزیراعلیٰ مریم نواز سے اپنے علاقوں میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔حکومت مستقبل قریب میں یہ سہولت صوبے کی 147 تحصیلوں تک توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
انہوں نے بتایا ہے کہ اس وقت پنجاب بھر میں ایک ہزار ایک سو الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، جن سے روزانہ لاکھوں شہری معیاری، آرام دہ اور کم لاگت سفری سہولت حاصل کر رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گرین الیکٹرک بسوں کے ساتھ ساتھ گرین ٹریکٹرز اور الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ بھی تیزی سے جاری ہے، جب کہ کسانوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود وزیراعلیٰ مریم نواز کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے ترقیاتی منصوبوں میں نوجوانوں کو خصوصی اہمیت دیتی ہیں، جس کے باعث نوجوانوں میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی، گڈ گورننس اور میرٹ کے حوالے سے پنجاب کا دیگر صوبوں سے تقابل نہیں کیا جاسکتا۔
