بھارت سے تصادم کاخدشہ،وزیردفاع نے خبردارکردیا

وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہےکہ بھارت کے ساتھ تصادم ناگزیر ہوگیا ہے، تصادم کسی بھی وقت ہوسکتا ہے۔
خواجہ آصف کا نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ آج کی بریفنگ میں بتایا گیا ہےکہ بھارت کی طرف سے جارحیت متوقع ہے۔ہماری سرزمین کے ٹکڑے پر قبضے کی حکمت عملی بھارت کو بہت مہنگی پڑےگی۔بھارتی حکمرانوں نے پاکستان کا پانی روکنے کی کوشش کی تو وہ اسی میں ڈوب مریں گے، بھارت نے پانی روکنےکے لیے تعمیرات کیں تو ہم انہیں تباہ کردیں گے۔
وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ خواب دیکھنے پرکوئی پابندی نہیں، بھارتی حکمران خواب دیکھ رہے ہیں ان کے خواب خواب ہی رہیں گے، ہم ہاتھ پرہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے، ہماری پوری تیاری ہے، بھارتی رافیل طیارے سرحد کے بہت قریب آئے تھے مگر ان کا سسٹم جام ہوگیا۔