ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 8 خوارج ہلاک

ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سوئی ناردرن گیس کمپنی کی پائپ لائن بچھانے والی ٹیم پر ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے 8 دہشتگردوں (خوارج) کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، گیس کمپنی کے عملے نے مشتبہ سرگرمیوں کی اطلاع دی، جس کے بعد فورسز نے قریبی جنگلات میں خوارج کے مشتبہ ٹھکانے پر آپریشن کیا۔
کارروائی کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس میں 8 دہشتگرد مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق، ہلاک شدہ دہشتگرد پائپ لائن بچھانے والے عملے کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے تھے۔
سیکیورٹی اداروں نے موقع سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
