سٹیٹ بینک اور آئی ایف سی کے مابین معاہدہ، قرضوں کا اجرا بڑھانے کا فیصلہ

بینک دولت پاکستان (سٹیٹ بینک) نے نجی شعبے کے فروغ اور مقامی کرنسی میں قرضوں کے اجرا کو بڑھانے کے لیے ورلڈ بینک گروپ کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ساتھ شراکت داری کر لی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اس اشتراک کے تحت آئی ایف سی کو "انٹرنیشنل سویپس اینڈ ڈیریویٹیوز ایسوسی ایشن” (ISDA) معاہدے کے دائرے میں رہتے ہوئے کرنسی رسک کو بہتر طریقے سے منظم کرنے اور پاکستانی روپے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں سہولت حاصل ہو گی۔

اس معاہدے کا مقصد ملکی معیشت کے اہم شعبوں کو فنانسنگ میں درپیش رکاوٹوں کو ختم کرنا، نجی شعبے کی ترقی کو تقویت دینا، اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔

گورنر سٹیٹ بینک، جمیل احمد نے کہا کہ "نجی شعبے کی مضبوطی، پاکستان کی پائیدار اور متوازن ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اور آئی ایف سی کے ساتھ یہ شراکت داری قرضوں کی دستیابی بڑھانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔”

آئی ایف سی کے نائب صدر اور خزانہ کے ٹریژرر جان گینڈولفو نے اس موقع پر کہا کہ ترقی پذیر معیشتوں میں کرنسی کا اتار چڑھاؤ ایک بڑا خطرہ ہے، خاص طور پر اُن کمپنیوں کے لیے جو غیر ملکی کرنسی میں قرض لیتی ہیں مگر آمدنی مقامی کرنسی میں حاصل کرتی ہیں۔ مقامی کرنسی میں فنانسنگ کی سہولت، نہ صرف خطرات کو کم کرے گی بلکہ مالیاتی استحکام اور کاروباری لچک میں بھی بہتری لائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک گروپ ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں مقامی کرنسی میں قرضوں کو اسٹریٹجک اہمیت دیتا ہے تاکہ مالیاتی نظام کو مستحکم اور ترقی کو پائیدار بنایا جا سکے۔

آئی ایف سی جدید مالیاتی حلوں اور مؤثر شراکت داریوں کے ذریعے مقامی کرنسی فنانسنگ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس شراکت کے ذریعے سٹیٹ بینک کا مقصد نجی شعبے کے لیے قرضوں کی رسائی بہتر بنانا، معیشت کو تقویت دینا، اور زرِ مبادلہ کی روانی (liquidity) کو مستحکم کرنا ہے۔

Back to top button