فیلڈمارشل کاٹرمپ سے رابطہ،ناکہ بندی کومذاکرات میں رکاوٹ قرار دیدیا

فیلڈ مارشل آرمی چیف عاصم منیرکاامریکی صدرڈونلڈٹرمپ سے رابطہ ،آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کو امن مذاکرات میں بڑی رکاوٹ قرار دیدیا۔

برطانوی میڈیا نےپاکستانی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رابطہ کیا جس میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ٹرمپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی مذاکرات میں رکاوٹ ہے۔تاہم امریکی صدر کا جواب میں کہنا تھا کہ وہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی رائے پر غور کریں گے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق موجودہ خطے کی صورتحال میں ڈونلڈٹرمپ سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کارابطہ کافی اہم تصور کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی وزارت خارجہ نے واضح کر دیا ہے کہ ان کا وفد مذاکرات کے اگلے دور کے لیے پاکستان نہیں جائے گا۔  موجودہ حالات میں امریکا کے ساتھ نئے مذاکرات کا کوئی امکان نہیں ہے۔انہوں نے تہران کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ ایران اب امریکا پر مزید اعتماد نہیں کر سکتا کیونکہ واشنگٹن کا رویہ مسلسل غیر یقینی رہا ہے۔

خیال رہے  ایران اور امریکہ کے مابین مذاکرات کا دوسرادور بھی اسلام آباد میں ہونے جا رہا تھا جس کے لیے تیاریاں بھی کر لی گئی تھیں جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی اعلان کیا تھا کہ پیر کی شام ان کے نمائندے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ناکہ بندی کی خلاف ورزی پر ایران کے ایک کارگو جہاز کو قبضے میں لیا گیا ہے جس کو ایران نے جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا تھا۔

اس سے قبل مذاکرات کا ایک دور اسلام آباد میں ہو چکا ہے جس میں 10 اور 11 اپریل کو دونوں ملکوں کے نمائندوں نے بات چیت کی تاہم وہ کسی نتیجے تک پہنچے بغیر ختم ہو گئی تھی اور وفود واپس چلے گئے تھے۔

 

Back to top button