وزیراعلیٰ سندھ نے گندم فروخت کرنے کی حد ختم کر دی

 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گندم فروخت کرنے کی حد ختم کر دی جبکہ گندم خریداری مہم تیز کرنے کی ہدایت بھی دے دی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چھوٹے آبادگار اب بغیر کسی پابندی کے گندم فروخت کر سکیں گے، فی ایکڑ پانچ بوری کی شرط ختم کرنے سے ہاریوں کو بڑا ریلیف ملے گا۔ انہوں نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی کہ آبادگاروں کو فوری ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں۔

یاد رہے چھوٹے آبادگاروں پر فی ایکڑ پانچ بوری فروخت کرنے کی پابندی نافذ کی گئی تھی لیکن اب وزیر اعلیٰ سند مراد علی شاہ نے فوری پابندی کو ختم کر دیا ہے۔

علاوہ ازیں وزیر خوراک محبوب الزمان نے وزیراعلیٰ سندھ کو گندم کی خریدی سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں آگاہی دی گئی کہ آبادگاروں کی ادائیگیوں کے نظام کو نمایاں طور پر تیز کر دیا گیا ہے، آبادگاروں کو رقم ایک دن کے اندر سندھ بینک کے ذریعے منتقل کی جا رہی ہے اور اب تک 198.3 ملین روپے آبادگاروں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آبادگاروں کو بہتر ادائیگی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت ادائیگی ہاریوں کے اعتماد کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے ہاریوں کو فوری اور شفاف ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ تمام اہل آبادگار اپنی گندم سرکاری خریداری مراکز پر فروخت کریں، یہ نہ صرف غذائی تحفظ بلکہ ہاریوں کی مدد کے لیے بھی ضروری ہے، حکومت کو گندم فروخت کرنے والے آبادگار مستقبل کی سبسڈی کے اہل ہوں گے۔

 

بڑھتے ہوئے اندرونی اختلافات PTI کی کشتی کیسے ڈبو رہے ہیں؟

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بے ضابطگیوں پر زیرو ٹالرنس ہے، پورا عمل مؤثر ہونا چاہیے، ہاریوں کی مکمل حمایت جاری رہے گی، گندم خریداری مہم ہاریوں کی مدد اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام ہے۔

Back to top button