تین نئے ڈنکی روٹس سے پاکستانیوں کو بیرون ملک بھیجنے کا انکشاف

پاکستان سے غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک جانے کیلئےانسانی سمگلروں نے ڈنکی کیلئے3نئے راستے تلاش کرلیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈنکی کے پرانے راستوں پر سخت پابندیوں کے بعد انسانی سمگلروں نے ملائیشیا، آذربائیجان، مصر،ازبکستان، بیلاروس کے لیے 3 نئے روٹس تلاش کیے ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پکڑے جانے والے انسانی سمگلروں نے نئے روٹس بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ انسانی سمگلرز پاکستانیوں کو ویزے پر ملائیشیا لے جاتے ہیں پھر سے وہاں سے مصر،لیبیا اور پھر یورپ  میں داخل کرایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈنکی لگانے کا دوسرا نیا روٹ ازبکستان سے ہوکر جاتا ہے، جس کے لیے انسانی سمگلر پاکستانی نوجوانوں کو ویزا لگوا کر پہلے ازبکستان لے جاتے ہیں پھر وہاں سے بیلا روس اور پولینڈ میں داخل کروایا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولینڈ سرحد دشوار گزار زمینی راستے کے ذریعے پار کرائی جاتی ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق انسانی سمگلر تیسرے روٹ میں نوجوانوں کو موریطانیہ اور سینیگال بلوا کر کشتیوں پر نوجوانوں کو سپین کے نیم خودمختار جزیروں پر پہنچاتے ہیں پھر کینری آئی لینڈز سے نوجوانوں کو غیرقانونی طور پر سپین لے جایا جاتا ہے۔

سپین کے کینری آئی لینڈز افریقی ساحل سے محض 100 کلومیٹر دور ہیں۔

Back to top button