خیبرپختونخوا میں ای سمری سسٹم کا آغاز، وزیراعلیٰ نے پہلی ڈیجیٹل سمری منظور کرلی

خیبرپختونخوا حکومت نے سمری کی منظوری کا عمل مکمل طور پر ای سمری سسٹم پر منتقل کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پہلی ای سمری پر دستخط سے کر دیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے پہلی بار کسی سرکاری سمری کو روایتی کاغذی طریقے کے بجائے سافٹ کاپی کی صورت میں وزیراعلیٰ کو آن لائن ارسال کیا گیا، جسے علی امین گنڈاپور نے ڈیجیٹل دستخط کے ذریعے منظور کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سرکاری مراسلے، اعلامیے اور حکم نامے بھی مرحلہ وار ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کیے جا رہے ہیں، تاکہ حکومتی کاموں میں شفافیت، تیزی اور مؤثریت لائی جا سکے۔
سابق بھارتی وزیر داخلہ نے پہلگام حملے میں پاکستان پر الزام مسترد کردیا
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاسوں کے لیے ورکنگ پیپرز، فائل ورک اور دیگر سرکاری امور کو بھی ای سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ سرکاری وسائل کا ضیاع بھی روکا جا سکے گا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ڈیجیٹل گورننس کے وژن کے تحت اٹھایا جا رہا ہے، اور خیبرپختونخوا کو ماڈرن، مؤثر اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ صوبہ بنایا جائے گا۔
