اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے

اسلام آباد سمیت ملک کے متعدد شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی، اس کی گہرائی 111 کلومیٹر جبکہ مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے پشاور، مانسہرہ، ہنگو، ایبٹ آباد، سوات، مالاکنڈ، راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، میانوالی اور گجرانوالہ میں محسوس کیے گئے، جس پر شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق زلزلے کے بعد ریسکیو اہلکاروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ تاہم اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ان کا کہنا ہے کہ ریسکیو کنٹرول روم کو کوئی ایمرجنسی کال موصول نہیں ہوئی۔
