الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے پی ٹی آئی کی رجسٹریشن بلاجواز مسترد کی : بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہمارے کے ساتھ آزاد کشمیر میں امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے تحریک انصاف کی رجسٹریشن بلاجواز مسترد کردی ہے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے ساتھ پھر امتیازی سلوک کیا جارہا ہے، آزاد کشمیر میں الیکشن جولائی میں ہیں، آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے آزاد کشمیر الیکشن ایکٹ 2020 کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کی نئی رجسٹریشن کی ہدایت کی تھی، پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے 20 نومبر 2023 کو رجسٹریشن کےلیے تمام دستاویزات جمع کروائیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن ،جے یو آئی اور جماعت اسلامی کی رجسٹریشن کرلی گئی، جب کہ آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواست کو زیر التوا رکھا اور آج 30 ماہ بعد الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے بذریعہ پریس ریلیز پی ٹی آئی کی رجسٹریشن سے انکار کیا اور رجسٹریشن بلاجواز مسترد کی گئی۔
