آزادکشمیرمیں انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے،الیکشن کمیشن

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 2026 طے شدہ شیڈول کے مطابق بروقت منعقد کیے جائیں گے اور انتخابات کے التوا سے متعلق گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں۔
جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نےعوام سے اپیل کی کہ انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق افواہوں اور فیک نیوز پر توجہ نہ دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کے لیے پولنگ 20 جولائی کو مقررہ پروگرام کے مطابق ہوگی، جس کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں سمیت تمام ریٹرننگ افسران کو پولنگ کا سامان پہنچا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حلقہ ایل اے 24 پونچھ و سدھنوتی 7 بلوچ میں ایک امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ کی نئی تاریخ مقرر کی جائے گی، تاہم اس حلقے کے علاوہ آزاد کشمیر کے تمام انتخابی حلقوں میں ووٹنگ 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہوگی۔
جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی تمام انتظامی اور انتخابی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ انتخابات کے دوران پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی یا ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس فورس بھی تعینات رہے گی، جبکہ تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا گیا ہے۔
