ملک بھر کے صارفین کےلیے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 27 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 27 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دی  تھی جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نےسماعت مکمل کرلی۔

نیپرا نے کہا کہ اعدادوشمارکا جائزہ لیکر فیصلہ جاری کریں گے، اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہوگا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی  میں ہونے والی سماعت کے دوران پاور سیکٹر سے متعلق اہم نکات سامنے آئے۔

حکام کے مطابق قطر کے ساتھ آر ایل این جی معاہدے “ٹیک اینڈ پے” بنیاد پر ہیں، یعنی گیس نہ بھی استعمال ہو تو ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔ مقامی گیس کے حوالے سے بتایا گیا کہ تقریباً 150 ایم ایم ایف سی ڈی سرپلس گیس موجود تھی جسے مختلف شعبوں میں استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ مزید تفصیلات پٹرولیم ڈویژن فراہم کر سکتا ہے۔

حکام نے واضح کیا کہ بنیادی ٹیرف میں اضافے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں اور اس حوالے سے کوئی فیصلہ جنوری 2027 سے پہلے متوقع نہیں۔

مارچ میں بجلی کی اوسط لاگت تقریباً 8.26 روپے فی یونٹ رہی جبکہ ریفرنس لاگت 7.99 روپے تھی۔ بجلی کی پیداوار میں پانی کا حصہ تقریباً 18 فیصد رہا جبکہ آر ایل این جی سے پیداوار میں بھی کمی دیکھنے میں آئی۔

Back to top button