عمرہ زائرین کیلئےویکسی نیشن کے بغیر سفر کی تاریخ میں توسیع

وفاقی ایئرپورٹ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عمرہ زائرین کے لیے ویکسی نیشن کے بغیر سفر کی تاریخ بڑھا دی گئی۔
ہیلتھ سروسز کے فوکل پرسن ڈاکٹر سید مرتضیٰ شاہ بخاری کے مطابق ویکسی نیشن کے بغیر سفر پر مزید 15 دن کا اضافہ کر دیا گیا ہے، عمرہ زائرین اب 10 اکتوبر تک بغیر ویکسی نیشن سفر کر سکتے ہیں، عمرہ زائرین کو سہولیات کی فراہمی اور ویکسی نیشن کے عمل میں آسانی کے لیے مدت میں توسیع کی گئی ہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر بین الاقوامی مسافروں کے لیے انٹرنیشنل ٹریولر ویکسی نیشن سینٹر 24 ستمبر سے 24 گھنٹے فعال کردیا جائے گا، ویکسی نیشن سینٹر ایئرپورٹ ہیلتھ قرنطینہ کے سٹار گیٹ کے قریب سول ڈسپنسری میں قائم کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مرتضیٰ کے مطابق بین الاقوامی سفر سے قبل پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے قابل اطلاق ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ ویکسی نیشن کی ضرورت مسافر کی منزل، ٹرانزٹ اور سفر کے پروگرام کے مطابق طے کی جائے گی، کراچی ایئرپورٹ پر میننجائٹس ویکسی نیشن کی فیس 2 ہزار 785 روپے جبکہ انفلوئنزا ویکسی نیشن کی فیس ایک ہزار 720 روپے مقرر کی گئی ہے،پولیو ویکسی نیشن مسافروں کو مفت فراہم کی جائے گی۔
