اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ سوشل میڈیا ٹرینڈنگ میں کیوں آگئے؟

معروف اداکار و میزبان فہد مصطفیٰ اپنی خوش اخلاقی کے باعث سوشل میڈیا ٹرینڈنگ میں آگئے، سوشل میڈیا صارفین شو ’’جیتو پاکستان‘‘ میں خصوصی خاتون کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آنے پر ان کی تعریفیں بھی کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں فہد مصطفیٰ خصوصی قابلیت کی حامل ایک لڑکی سے نہ صرف ان کا نام پوچھ رہے ہیں اور انہیں گیم شو میں دیگر افراد پر فوقیت بھی دے رہے ہیں۔
گیم شو میں آمنہ نامی لڑکی جب ساڑھے نو لاکھ روپے کا انعام جیتیں تو میزبان نے ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے سٹوڈیو میں بیٹھے افراد سے ان کے لیے تالیاں بھی بجوائیں۔
اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’میرے نزدیک فہد مصطفیٰ کی عزت اور بڑھ گئی ہے۔ کل بھی جس طرح سے انہوں نے ایک شخص جو بول اور سُن نہیں سکتے تھے ان سے ملے اس منظر نے دل کو گرما دیا۔
عاشر اسلم نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ بھائی فہد مصطفیٰ آپ نے ہمارے دل جیت لیے ہیں۔ایسی ہی ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں فہد مصطفیٰ قوتِ گویائی اور سماعت سے محروم النور نامی ایک شخص کو گلے لگا رہے ہیں اور انہیں چوم رہے ہیں۔
جب اس گیم شو میں النور ایک موٹر سائیکل جیتے تو انہوں نے اشاروں کی زبان میں فہد مصطفیٰ کو کہا کہ انہیں موٹر سائیکل چلانی نہیں آتی، جس کے بعد میزبان نے قوتِ گویائی اور سماعت سے محروم شخص کو پیچھے بٹھایا اور خود موٹر سائیکل چلائی، اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’فہد دراصل ایک اچھے آدمی ہیں۔ سمجھ نہیں آتا کہ لوگ ان سے نفرت کیوں کرتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ انہیں ’جیتو پاکستان‘ شو کرتے ہوئے 9 سال گزر چکے ہیں اور اس عرصے کے دوران انہیں متعدد بار لگا کہ ان کا شو ناکام ہوکر بند ہوجائے گا۔انہیں نہ صرف ہر سال یہ احساس ہوتا ہے کہ ان کا شو اگلے سال بند ہوجائے گا، بلکہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران ان کا اپنا دل بھی شو کی میزبانی کرنے سے بھر گیا تھا۔
فہد مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ تقریبا 9 سال کے دوران کبھی وہ بہت مایوس ہوئے، کبھی انہیں تھکاوٹ ہوئی، کبھی ان کا دل شو سے بھر گیا، کبھی انہوں نے شو کی میزبانی چھوڑ دینے کا بھی سوچا مگر اس کے باوجود ان کا شو ہر سال اور ہر روز مزید بہتر اور مضبوط بنتا جا رہا ہے۔
