وسیم اکرم نے جاوید اختر کے متنازع بیان کو نظر انداز کیوں کر دیا؟

سابق کرکٹر اور اداکار وسیم اکرم نے اپنی ڈیبیو فلم ’’منی بیک گارنٹی‘‘ پر گفتگو کے دوران بھارتی ادیب جاوید اختر کے متنازع بیان پر بات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی صرف فلم کی پروموشن کے لیے یہاں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی شاعر اور گیت نگار جاوید اختر لاہور میں 17 سے 19 فروری تک ہونے والے فیض فیسٹیول میں شریک ہوئے تھے، انہوں نے اپنے سیشن کے دوران پاک-بھارت ثقافتی تعلقات، دونوں ممالک میں علاقائی زبانوں کی اہمیت اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پر بھی بات کی تھی۔
جاوید اختر نے لاہور میں ہونے والے فیض میلے میں پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی اور انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا تھا کہ وہ ممبئی کے رہنے والے ہیں اور انہوں نے وہاں پر حملے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔
جاوید اختر نے پاکستان کا نام لیے بغیر فیسٹیول میں موجود تماشائیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے لوگ اب بھی آپ کے ملک میں گھوم رہے ہیں اور اس بات کو ایک ہندوستانی کا شکوہ سمجھ کر برداشت کریں۔
گزشتہ روز وسیم اکرم نے اپنی اہلیہ شنیرا اکرم کے ہمراہ ہندوستان ٹائمز کو انٹرویو دیا، اس دوران میزبان نے جاوید اختر کے پاکستان سے متعلق متنازع بیان پر وسیم اکرم کی رائے پوچھی جس پر سابق کرکٹر نے کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی موضوعات پر بات نہیں کرنا چاہتے کیونکہ وہ ابھی صرف فلم کی پروموشن کے لیے موجود ہیں، اگر مجھے کسی دوسرے ملک مدعو کیا گیا تو میں اس کے مثبت پہلووں کے بارے میں بات کروں گا۔
ایک اور سوال کے جواب میں وسیم اکرم نے بھارت جانے کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ ہم بھارت ضرور آنا پسند کریں گے، میں نے وہاں 7 سے 8 ماہ گزارے ہیں، میں اپنے دوستوں اور بھارتی کھانے کو بہت یاد کرتا ہوں بالخصوص ’ڈوسا‘ جو پاکستان میں نہیں ہے، انشااللہ ہم بہت جلد بھارت آئیں گے۔
شنیرا اکرم نے کہا کہ حالانکہ وسیم بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے نہیں کھیلے لیکن بھارت میں لوگ وسیم اکرم کو ’وسیم بھائی‘ کہہ کر بلاتے ہیں جو بہت اچھی بات ہے۔ بھارت بہت یاد آتا ہے، ہم نے اپنی شادی کے بعد 4 سال بھارت میں گزارے، شاید آسٹریلیا سے زیادہ وقت یہیں پر گزارا، میرے دادا امرتسر میں پیدا ہوئے تھے اور اپنے بچوں کو ایک بار واپس وہیں لے جانا چاہتی ہوں۔
یاد رہے کہ فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم ڈیبیو دے رہے ہیں، جبکہ فلم کے ہدایت کار معروف کمرشل ڈائیریکٹر فیصل قریشی ہیں جنہوں نے سولر کمپنی کے لئے بے شمار مزاحیہ کمرشلز تخلیق کیے۔
یہ فلم رواں سال عید الفطر پر ریلیز ہوگی، اس فلم میں وسیم اکرم ایک بینک کے صدر کا کردار ادا کریں گی جبکہ شنیرا ایک بین الاقوامی صحافی کا کردار ادا کر رہی ہیں، منی بیک گارنٹی سیاست دانوں کے ساتھ ساتھ عوام کی کرپشن پر ایک سیاسی طنز اور کامیڈی پر مبنی فلم ہے، فیصل قریشی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں فواد خان، حنا دلپذیر، علی سفینہ، شایان خان، میکال ذوالفقار، گوہر رشید اور جان ریمبو شامل ہیں۔

جوہی چاولہ نے شاہ رخ کے بیٹے آریان کو منشیات کیس سے کیسے نکالا؟

Back to top button