جوہی چاولہ نے شاہ رخ کے بیٹے آریان کو منشیات کیس سے کیسے نکالا؟

90 کی دہائی کی بلاک بسٹر فلموں میں اکٹھے اداکاری کے جوہر دکھانے والے شاہ رخ خان اور جوہی چاولہ مشکل میں ایک مرتبہ پھر اکٹھے ہوگئے، شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کا نام جب منشیات کیس میں آیا تو اداکارہ جوہی چاولہ نے اس مشکل وقت میں شاہ رخ خان کی خوب مدد کی۔
ایک تازہ انٹرویو میں کنگ خان کے ساتھ اپنی دوستی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ جوہی چاولہ کا کہنا تھا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ اس کیس میں وہ شامل ہوں گی لیکن جب دوست کی مدد کرنے کا موقع آیا تو وہ پیچھے نہ رہیں۔
جوہی چاؤلہ نے بتایا کہ وہ ممبئی سیشن کورٹ میں موجود تھیں اور انہوں نے ایک لاکھ روپے کے زر ضمانت بونڈ پر دستخط کیے، جس کا مطلب تھا کہ اگر آریان نے رقم ادا نہ کی تو وہ خود اس کی ذمہ دار ہوں گی، اداکارہ کا کہنا تھا کہ مجھے محسوس ہوا کہ یہ درست طریقہ ہے اور جب میرے دوست خان کو اس کی ضرورت ہو تو مجھے یہ ضرور کرنا چاہئے۔
اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ شاہ رخ کے ساتھ اچھی دوستی کے باوجود ان کی آپس میں ملاقاتیں بہت کم ہوتی ہیں اور ان کے شوہر جے مہتہ اکثر شاہ رخ سے ملتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان اور جوہی چاؤلہ آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ رائیڈ کے مشترکہ مالک ہیں جسے 2007 میں بنایا گیا تھا۔شاہ رخ خان اپنی ساتھی اداکارہ جوہی چاولہ کے ساتھ ماضی میں کئی مشہور اور ہٹ فلموں میں کام کرچکے ہیں۔شاہ رخ خان اور جوہی چاولہ نے فلم ’راجو بن گیا جنٹلمین‘، ’ڈر‘، ’یس باس‘، ’ون 2 کا 4‘، ’ڈپلیکیٹ‘، ’پھر بھی دل ہے ہندوستانی‘ اور بہت سی دیگر فلموں میں کام کیا ہے۔
آخری بار جوہی چاولہ نے شاہ رخ خان کی 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ میں بھی خصوصی انٹری دی تھی جبکہ اس فلم میں شاو رخ خان کے ہمراہ اداکارہ کترینہ کیف اور انوشکا شرما نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
شاہ رخ خان اور جوہی چاولہ کی دوستی کافی پرانی اور مضبوط ہے جس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ شاہ رخ خان کی سالگرہ پر جوہی چاولہ نے اپنے دوست کے لیے 500 درخت لگانے کا وعدہ کیا۔
اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں شاہ رخ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے عہد کیا ہے کہ وہ اپنی پوری فیملی کی طرف سے شاہ رخ خان کے لیے 500 درخت لگائیں گی۔
