شاہ محمود قریشی سے ہسپتال میں فواد چوہدری اور عمران اسماعیل کی ملاقات

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے پارٹی کے سابق رہنماؤں فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور مولوی محمود نے ملاقات کی ہے ۔
شاہ محمود قریشی کو پتے میں پتھری کی شکایت پر طبی معائنے کی غرض سے لاہور کے پی کے ایل آئی ہسپتال لایا گیا تھا جہاں فواد چوہدری، عمران اسماعیل اور مولوی محمود نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورت حال،خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ اور کشمیر میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں سابق رہنما پارٹی میں خاص اہمیت کے حامل رہے ہیں لہٰذا ان کی شاہ محمود قریشی سے اس ملاقات کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ان تینوں شخصیات کی شاہ محمود سے ملاقات کسی نئی پیشرفت کا پیش خیمہ ہے۔
میڈیا رپورٹس میں اس امکان کو رد نہیں کیاگیا کہ اس ملاقات کا مقصد پی ٹی آئی میں ایک نیا دھڑا بنانا بھی ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی کو لاہور کے پی کے ایل آئی منتقل کیا گیا ہے۔ذرائع کےمطابق شاہ محمود کے پتے میں پتھری بتائی جا رہی ہے اور ان کی سرجری ہونی ہے۔
ذرائع کےمطابق شاہ محمود قریشی 28 اکتوبر سے پی کے ایل آئی میں داخل ہیں۔
واضح رہےکہ 9 مئی کے واقعات کےبعد سے شاہ محمود قریشی جیل میں قید ہیں۔ابتدائی طور پر وہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید رہے تاہم اب وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل ہوچکے ہیں۔
