کوہاٹ: دہشت گردوں کے خلاف آپریشن، 3 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کے تھانہ لاچی کی حدود میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب جوابی آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ ریجنل پولیس افسر (آر پی او) عباس مجید مروت نے بتایا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کیا۔
دہشت گردوں کے حملے میں ایک پروبیشنر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اشفاق شہید ہو گئے جبکہ 2 کانسٹیبل زخمی ہو گئے۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی آر پی او عباس مجید مروت اور ڈسٹرکٹ پولیس افسر ڈاکٹر زاہد اللّٰہ بھاری نفری کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور آپریشن کی کمان سنبھالی۔
دریائے سندھ میں سیلاب کا خدشہ ، 16 لاکھ افراد متاثر ہونے کا امکان
پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا اور سنگلاخ پہاڑوں و جنگل میں جاری آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو مارا گیا، جن کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، اور حکام کا کہنا ہے کہ زخمی دہشت گردوں کی تلاش کا آپریشن تاحال جاری ہے۔
آر پی او عباس مجید مروت نے کہا کہ "ہمارے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچایا، ہم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دیں گے اور دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔”
