یو اے ای سے پاکستان کے کسی خاص طبقے کو ڈی پورٹ نہیں کیا جارہا : وفاقی وزارت داخلہ

وفاقی وزارت داخلہ نے یو اے ای سے پاکستانی شہریوں کی مبینہ مخصوص بنیادوں پر بےدخلی سے متعلق سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ میں گردش کرنےوالی خبروں کو بےبنیاد اور گمراہ کن قرار دےدیا۔
وفاقی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہےکہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) میں کسی ملک یا فرقے کے خلاف مخصوص ڈی پورٹیشن مہم نہیں چل رہی،یو اے ای سے بےدخلی صرف میزبان ممالک کے قوانین کی خلاف ورزی پر ہوتی ہے۔
وزارت داخلہ کے مطابق معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کےبعد یہ واضح ہوا ہےکہ اس نوعیت کی خبریں بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا ہیں،جن کا مقصد غلط فہمیاں پیدا کرنا اور مخصوص مفادات کو فائدہ پہنچانا ہے۔
وزارتِ داخلہ کےمطابق پاکستانی شہری بدستور یو اے ای اور دیگر دوست ممالک کے ویزوں اور ملازمت کے مواقع سے فائدہ اٹھارہے ہیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی امتیازی پالیسی موجود نہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانےوالی افواہیں اور جعلی خبریں من گھڑت ہیں جنہیں مخصوص مقاصد کےتحت پھیلایا جارہا ہے۔بیرون ملک کسی بھی پاکستانی شہری کو درپیش مسئلے کو متعلقہ ملک کےساتھ دفترخارجہ کے ذریعے ہرکیس کی بنیاد پر اٹھایا جاتا ہے تاکہ شہریوں کو ممکنہ سفارتی معاونت فراہم کی جا سکے۔
