فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پاکستانی سفارت کار صائمہ سلیم سے ملاقات

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے پاکستانی سفارت کار صائمہ سلیم سے ملاقات کی اور پاکستانی مفادات کے فروغ کےلیے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کےمطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ صائمہ سلیم خصوصی افراد کےلیے عزم اور ہمت کی روشن مثال ہیں، صائمہ سلیم قوم کےلیے چمکتا ستارہ ہیں،صائمہ سلیم بصارت سے محرومی کے باوجود عالمی سفارت کاری میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھاکہ پاک فوج خصوصی افراد کی معاونت اور بااختیار بنانے کےلیے پُرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی رکن صائمہ سلیم نے اقوام متحدہ میں اپنے کام اور پاکستان کو درپیش اہم مسائل اور چیلنجزپر بریفنگ دی۔صائمہ سلیم نے فیلڈ مارشل کے ساتھ اپنی ادبی کام بھی شیئر کیا۔
فیلڈ مارشل نے اہم عالمی و علاقائی معاملات پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنےکی کوششوں کو سراہا۔ جنرل عاصم منیر نے خطے میں بھارتی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کا معاملہ اجاگر کرنےپر صائمہ سلیم کی تعریف کی۔