فیلڈ مارشل کا کرتارپور دورہ، سکھ کمیونٹی کی عبادت گاہوں کی جلد بحالی کی یقین دہانی

آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کرتارپور میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا اور سکھ کمیونٹی کی تمام عبادت گاہوں کی جلد مکمل بحالی کی یقین دہانی کرائی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیالکوٹ، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور جیسے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران سکھ کمیونٹی نے سیلاب سے متاثرہ دربار صاحب کرتارپور میں بروقت امدادی کارروائیوں پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی قیادت میں کی جانے والی امدادی کارروائیوں کو بھرپور الفاظ میں سراہا۔ سکھ رہنما رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ "فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ہمیں یقین دہانی کرائی تھی کہ جہاں ضرورت ہوگی، ہمارے ہیلی کاپٹر موجود ہوں گے، اور وہ ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "پاکستان اور سکھوں کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، پاکستان ہماری دھرتی اور ہماری جان ہے، اور دنیا بھر کے سکھ کہتے ہیں کہ پاکستان اقلیتوں کے لیے محفوظ ترین ملک ہے۔” ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ "فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کرتارپور دورہ سکھ برادری کے لیے فخر کا لمحہ تھا، اور دنیا جب یہ جانے گی کہ فیلڈ مارشل نے خود کرتارپور کا دورہ کیا تو سکھوں کا مان اور بڑھ جائے گا۔”
بھارت سے مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہی ہوں گے : اسحاق ڈار
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکھ کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم سکھ کمیونٹی کی تمام عبادت گاہوں کی بحالی میں مکمل تعاون فراہم کریں گے اور ان کی جلد بحالی یقینی بنائیں گے۔”
سکھ رہنماؤں نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "آپ نے جو کچھ بھی کیا، اس پر ہمارے پاس الفاظ نہیں ہیں، کرتارپور صاحب کی بحالی کے لیے آپ کا کردار بے مثال ہے، اور پوری دنیا کے سکھ آپ کے مشکور ہیں۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ "پاکستان ہمارے لیے جنت ہے، اور پاک فوج ہمیشہ قدرتی آفات میں پاکستان کے عوام کے لیے پیش پیش رہی ہے۔ دنیا بھر کے سکھ پاکستان کے ساتھ محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔”
