سیلاب متاثرہ کسانوں کو 20 ہزار فی ایکڑ امداد دی جائے گی: وزیراعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ کسانوں کو 20 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے مالی امداد دی جائے گی، جبکہ جن کے مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے انہیں 10 لاکھ اور جن کے مٹی کے گھر گرے انہیں 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

 ساہیوال میں الیکٹرک بسوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساہیوال کے لیے 30 الیکٹرک بسیں فراہم کی گئی ہیں جن میں شہری باعزت طریقے سے صرف 20 روپے کرایہ ادا کرکے سفر کر سکیں گے، جبکہ خواتین، بزرگوں، طلبہ اور معذور افراد کے لیے یہ سروس مفت ہوگی۔

بسوں میں خصوصی ریمپ اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں تاکہ معذور افراد کو سہولت اور خواتین کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ مریم نواز نے کہا کہ ساہیوال والے نواز شریف سے محبت کرتے ہیں اور نواز شریف نے ہی ایکسپریس وے بنائی، ایٹمی دھماکے کیے اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی فتح سے ملک کا وقار بلند ہوا ہے اور پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ کر کے خادمینِ حرمین الشریفین کی صف میں شامل ہو چکا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سیلاب سے پہلے 25 لاکھ افراد اور 20 لاکھ سے زائد مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، اور متاثرہ خاندانوں کو باعزت انداز میں خیموں اور خالی اسکولوں میں مہمان کے طور پر رکھا گیا۔

اس کے علاوہ 15 لاکھ گھرانوں کو راشن کارڈ اور بے گھر افراد کے لیے پنجاب بھر میں 80 ہزار گھروں کی تعمیر کا کام جاری ہے، کیونکہ وزیراعلیٰ کا فرض ہے کہ وہ ہر دکھ کی گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑا ہو۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!