کے پی میں سیلاب نے تباہی مچادی،5افراد جاں بحق

خیبرپختونخواکےمختلف اضلاع میں سیلاب نے تباہی مچادی،5 افراد جاں بحق، 1 شخص زخمی ہوگیا۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع بونیر، مالاکنڈ اور مانسہرہ میں حالیہ سیلابی صورت حال کے باعث 5 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک شخص زخمی ہوا

پی ڈی ایم اے کے مطابق25 جون سے 6 جولائی کے دوران شدید بارشوں، اچانک سیلاب، تیز ہواؤں اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے موسمی واقعات میں مجموعی طور پر 22 افراد جاں بحق اور 11 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ صوبے میں موسلادھار بارشوں اور اچانک آنے والے سیلابوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جب کہ دریائے سوات میں طغیانی کے باعث 18 افراد پانی میں بہہ گئے۔

پی ڈی ایم اے نے 4 جولائی کو وارننگ جاری کی تھی کہ برفانی علاقوں میں درجہ حرارت کے اضافے سے گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے کے امکانات بڑھ چکے ہیں، جو مزید سیلابی صورت حال کو جنم دے سکتے ہیں۔

ادارے کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، 6 جولائی کو مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں مختلف حادثات میں 4 افراد جان کی بازی ہار گئے اور ایک شخص زخمی ہوا۔

بونیر کے علاقے تینولو ڈھیری میں ایک مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ اسی ضلع میں فیض آباد خوڑ کے مقام پر عارضی پل کے پلرز بھی سیلابی پانی میں بہہ گئے۔

مالاکنڈ کے علاقے ہیرو شاہ یونین کونسل میں اچانک سیلاب کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ایک خاتون اور دو بچے شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق ایک خاتون اور ایک بچہ پانی میں ڈوب گئے جبکہ ایک بچہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

Back to top button