انگلینڈکودوسرےٹیسٹ میں شکست،بھارت نےسیریزبرابرکردی

برمنگھم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے شبمن گل کی تاریخی بیٹنگ اور بولرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت انگلینڈ کو 336 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

بھارت نے دوسری اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 427 رنز پر ڈیکلیئر کی اور انگلینڈ کو فتح کے لیے 608 رنز کا بڑا ہدف دیا۔ جواب میں انگلش ٹیم پانچویں روز 271 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

آخری دن کا آغاز بارش کے باعث تاخیر سے ہوا، مگر بھارتی بولرز خصوصاً آکاش دیپ اور واشنگٹن سریندر نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے نہ دیا۔ اولی پوپ (24) اور ہیری بروکس (23) کی مزاحمت کو آکاش دیپ نے ختم کیا، جبکہ بین اسٹوکس کی اہم وکٹ واشنگٹن نے حاصل کی جب انگلینڈ 153 پر کھیل رہا تھا۔

جیمی اسمتھ نے 88 رنز کی جاندار اننگز کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے ساتھ نہ ملنے کے باعث انگلینڈ مشکلات سے نکل نہ سکا۔ بریڈن کارس نے 38 رنز ضرور جوڑے، مگر اسمتھ کی وکٹ 226 کے اسکور پر گر گئی، اور باقی کھلاڑی بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

اس میچ میں بھارت نے پہلی اننگز میں 587 رنز بنائے تھے، جس میں شبمن گل نے شاندار 269 رنز اسکور کیے، جبکہ دوسری اننگز میں بھی انہوں نے 161 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ دو اننگز میں مجموعی طور پر 430 رنز بنانے پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ شبمن گل نے بطور ٹیسٹ کپتان اپنی پہلی جیت درج کرائی، جبکہ انگلینڈ کی پہلی اننگز 407 رنز تک محدود رہی اور دوسری میں صرف 271 رنز بنا کر میچ ہار گیا۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 10 جولائی سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔

Back to top button