افغانستان کے سابق انٹرنیشنل فاسٹ بولر شپور زادران انتقال کر گئے

افغانستان کے سابق انٹرنیشنل فاسٹ بولر شپور زادران طویل علالت کے بعد 38 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شپور زادران 7 جولائی کو اپنی 39ویں سالگرہ سے ایک روز قبل نئی دہلی میں انتقال کر گئے، جہاں وہ زیر علاج تھے۔
6 فٹ سے زائد قد کے حامل شپور زادران اپنی تیز رفتار اور جارحانہ بولنگ کے ساتھ ساتھ لمبے لہراتے بالوں کی وجہ سے بھی کرکٹ شائقین میں خاصے مقبول تھے۔ انہیں افغانستان کرکٹ کے ابتدائی عروج کے دور کے نمایاں فاسٹ بولرز میں شمار کیا جاتا تھا۔
شپور زادران نے مہاجر کی حیثیت سے پاکستان کے شہر پشاور میں بھی قیام کیا، جہاں انہوں نے اپنی ابتدائی کرکٹ کھیلی۔ ان کے ابتدائی ساتھیوں میں افغانستان کے معروف کرکٹرز محمد نبی، اصغر افغان اور دولت زادران شامل تھے۔
انہوں نے 2009 سے 2020 کے دوران افغانستان کی جانب سے 44 ایک روزہ اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے اور متعدد اہم مواقع پر ٹیم کی نمائندگی کی۔
چھوٹے ڈار کے کالے کرتوت: کیا بڑے ڈار کو ذمہ دار ٹھہرانا جائز ہے؟
رپورٹس کے مطابق شپور زادران نئی دہلی کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں زیر علاج تھے، جہاں وہ ہیموفاگوسائٹک لیمفو ہسٹیوسائٹوسس (HLH) نامی ایک نایاب اور سنگین مدافعتی بیماری سے نبرد آزما تھے۔
