کالعدم ٹی ایل پی کے سابق ٹکٹ ہولڈرز کا جماعت سے لاتعلقی کا اعلان

کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے متعدد سابق ٹکٹ ہولڈرز نے جماعت سے مکمل لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے۔
ملتان میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتےہوئے جنوبی پنجاب کے سابق ٹکٹ ہولڈرز نے کالعدم تحریک لبیک کی سیاست سے اظہار لاتعلقی کرتےہوئے کہاکہ کالعدم ٹی ایل پی سے بغیر کسی دباؤ کے الگ ہورہے ہیں اور یہ فیصلہ کسی بھی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ شہداء کے خون کے احترام میں کیاگیا۔
سابق ٹکٹ ہولڈرز نے کہا کہ ملکی سلامتی اور پاک افواج کے ساتھ کھڑےہیں،پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،اگر پاک فوج کو ضرورت پڑی تو ہم اپنی افواج کے ساتھ سرحدوں پر دشمن کے ناپاک عزائم کو مٹانے کےلیے ان کے ساتھ کھڑےہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ کالعدم ٹی ایل پی کی جانب سے احتجاجی کال کاکوئی جواز نہیں تھا،بیرونی چیلنجز کے باوجود احتجاج غیر مناسب تھا۔
ایک سابق ٹکٹ ہولڈر نے کہاکہ پرتشدد اور جتھےبازی کی سیاست اور ملکی حالات کو دیکھتے ہوئے جنوبی پنجاب کے تمام ٹکٹ ہولڈرز کالعدم تحریک لبیک کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہیں۔فلسطینی امن چاہتےہیں،وہاں امن معاہدہ ہورہا ہے اور پاکستان میں ہماری سابقہ جماعت کی جانب سے احتجاجی تحریک کا شروع کرنا اور پھر اس احتجاج میں تشدد کا عنصر شامل ہو جانا،اس کا ہمارا ملک متحمل نہیں ہو سکتا۔
ان کاکہنا تھاکہ سب سے پہلے ریاست ہے،ریاست سے بڑھ کر کوئی نہیں،جب ریاست مضبوط ہوتی ہے تو تمام چیزیں ملتی رہتی ہیں۔
