گنڈاپور کی بغاوت، PTIرہنماؤں کو ڈکٹیٹرز قرار دے دیا

خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریکِ انصاف کے اندر اختلافات ایک بار پھر منظرِ عام پر آ گئے ہیں۔ ناراض اراکین سے رابطوں پر پابندی کے فیصلے نے پارٹی کے اندر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے، جبکہ سابق وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے اس فیصلے کو "ڈکٹیٹر شپ” قرار دیتے ہوئے قیادت کو تحمل اور مفاہمت کا مشورہ دےدیا ہے۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا سخت تنظیمی فیصلے پارٹی اتحاد کو مضبوط کریں گے یا اختلافات کو مزید گہرا کر دیں گے؟
مبصرین کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا ایک نئے داخلی بحران سے دوچار دکھائی دے رہی ہے، جہاں پارٹی نظم و ضبط برقرار رکھنے اور اختلافی آوازوں کو سننے کے درمیان کشمکش واضح طور پر سامنے آ رہی ہے۔ صوبائی قیادت کی جانب سے پارلیمانی و سیاسی رابطہ کمیٹی کو ناراض اراکین سے رابطہ کرنے سے روکنے کے فیصلے نے نہ صرف پارٹی کے اندر بحث چھیڑ دی ہے بلکہ مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
خیال رہے کہ پارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ایسے اراکین، جو اپنے تحفظات میڈیا کے ذریعے سامنے لا رہے ہیں یا قیادت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان سے رابطہ نہ کیا جائے۔ ساتھ ہی یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ ارکان کے مسائل مناسب پارٹی فورمز پر سنے اور حل کیے جائیں گے۔ بظاہر یہ فیصلہ تنظیمی نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ناقدین کے نزدیک اس سے اختلافِ رائے کے لیے موجود سیاسی گنجائش مزید محدود ہو سکتی ہے۔
اسی تناظر میں سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا ردعمل خاصی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ پارلیمانی واٹس ایپ گروپ میں بھیجے گئے مبینہ آڈیو پیغام میں انہوں نے اس طرزِ عمل کو "ڈکٹیٹر شپ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے ناراض اراکین کے تحفظات دور کیے جانے چاہییں، نہ کہ انہیں دبانے کی کوشش کی جائے۔ ان کا مؤقف تھا کہ ماضی میں مختلف رہنماؤں نے پارٹی اور حکومت پر تنقید کی، لیکن اس نوعیت کے سخت اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔علی امین گنڈاپور نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر پارٹی کے اندر اختلاف رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کی روایت قائم کی جاتی ہے تو اس کے اثرات مستقبل میں مزید تقسیم کی صورت میں سامنے آ سکتے ہیں۔ ان کے بقول، "یہ پارٹی کسی ایک شخص کی نہیں بلکہ ہم سب کی ہے”، اور منتخب نمائندوں کو محض حکم ماننے والے افراد سمجھنا درست طرزِ سیاست نہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق کسی بھی بڑی جماعت میں اختلافات ایک فطری عمل ہوتے ہیں، تاہم قیادت کا اصل امتحان یہ ہوتا ہے کہ وہ ان اختلافات کو کس انداز میں سنبھالتی ہے۔ اگر شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اندرونی نظام موجود نہ ہو تو ناراضی کھلے اختلاف میں تبدیل ہو سکتی ہے، جس کے اثرات تنظیمی استحکام اور انتخابی سیاست دونوں پر مرتب ہوتے ہیں۔ ناقدین کے مطابق خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جماعت کو اندرونی اتحاد اور سیاسی یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ آیا قیادت مفاہمت کا راستہ اختیار کرتی ہے یا سخت تنظیمی فیصلوں کے ذریعے نظم و ضبط قائم رکھنے کی کوشش جاری رکھتی ہے۔ اس فیصلے کے اثرات نہ صرف پارٹی کے اندر بلکہ صوبے کی مجموعی سیاسی فضا پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔
