گلگت بلتستان الیکشن : پولنگ جاری، کئی حلقوں میں بڑے مقابلے متوقع

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کےلیے پولنگ کا عمل جاری ہے، پولنگ بغیر کسی وقفےکے شام 5 بجے تک جاری رہے گی، کئی حلقوں میں بڑے مقابلے متوقع ہیں۔
الیکشن کے موقع پر عوام میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے جو وقت شروع ہونے سے پہلے ہی پولنگ سٹیشن پہنچ گئے۔الیکشن کمیشن کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں 1391 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، 349 پولنگ سٹیشن حساس اور 551 انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔
گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں کےلیے مجموعی طور پر 400 سے زائد امیدوار میدان میں ہیں،مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ن لیگ 22، پیپلزپارٹی 23 ،استحکام پاکستان پارٹی 15، پاکستان مسلم لیگ11 اور جے یو آئی ف کے 9 ،ایم ڈبلیو ایم 7، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6 ،6 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں جب کہ 266 آزاد امیدوار بھی مختلف حلقوں سے الیکشن لڑرہے ہیں۔
الیکشن کو پر امن بنانے کےلیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیےگئے ہیں،مقامی پولیس،جی بی سکاؤٹس اور پنجاب پولیس کی بھاری نفری بھی سکیورٹی کےلیے موجود ہے،انتخابی حلقوں میں قانون نافذ کرنےوالے اداروں کی جانب سے فلیگ مارچ بھی کیا گیا۔
