ایران امریکاجنگ بندی میں پاکستان قابل اعتماد ثالث ہے،چین

تہران میں چین کے سفیر کانگ پیوو کا کہنا تھا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن کے فروغ اور ایران اور امریکا کے درمیان عارضی جنگ بندی میں سہولت کاری اور اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی میں پاکستان کے فعال کردار کو سراہتا ہے۔
ایرانی خبرایجنسی کے مطابق چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا نتیجہ ہے۔ تمام اختلافات کا حل مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے، چین ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی تعمیری کوششیں جاری رکھےگا۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین کا خطے میں کوئی ذاتی مفاد نہیں اور وہ ہمیشہ امن، استحکام اور ترقی کو فروغ دینےکی کوشش کرتا ہے، مستقل جنگ بندی کے حصول کے لیے مذاکراتی عمل کو جاری رکھنا ضروری ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے نہایت اہم راستہ ہے، اس لیے اس کی سلامتی اور کھلا رہنا پوری دنیا کے مفاد میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اور چین کے درمیان معمول کی تجارتی سرگرمیاں بیرونی دباؤ سے متاثر نہیں ہوں گی، چین کسی بیرونی طاقت کو دونوں ممالک کے جائز اقتصادی تعاون کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دےگا، عالمی برادری جنگل کے قانون کی طرف واپس نہیں جاسکتی، ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ جنگ نے ثابت کر دیا ہےکہ بین الاقوامی قوانین اور کثیرالجہتی نظام کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
