لانگ یا شارٹ حج؟ سرکاری سکیم کے تحت پاکستانیوں نے کتنی رقم خرچ کی؟

رواں سال سرکاری حج سکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے والے پاکستانی عازمین نے مجموعی طور پر 139 ارب 16 کروڑ 48 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ کیے۔ وزارتِ مذہبی امور کے دستیاب اعدادوشمار کے مطابق یہ اخراجات صرف سرکاری حج سکیم کے تحت کیے گئے، جبکہ پرائیویٹ حج سکیم کے عازمین کے اخراجات اس میں شامل نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانی عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی۔ ان میں اکثریت نے لانگ حج پروگرام کو ترجیح دی، جبکہ ایک بڑی تعداد نے کم دورانیے کے شارٹ حج پروگرام کے تحت فریضہ حج ادا کیا۔ اعدادوشمار کے مطابق 77 ہزار 743 عازمین نے 40 سے 45 روز پر مشتمل لانگ حج پروگرام کا انتخاب کیا، جو مجموعی سرکاری حج کوٹے کا 65.2 فیصد بنتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت ہر حاجی نے تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے۔ اس طرح لانگ حج پروگرام کے عازمین کے مجموعی اخراجات تقریباً 89 ارب 40 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔
دوسری جانب 41 ہزار 467 پاکستانیوں نے 20 سے 22 روز پر مشتمل شارٹ حج پروگرام کے تحت حج ادا کیا۔ یہ تعداد سرکاری حج سکیم کے کل عازمین کا 34.8 فیصد بنتی ہے۔ شارٹ حج پروگرام کے ہر حاجی نے تقریباً 12 لاکھ روپے ادا کیے، جس کے نتیجے میں اس پروگرام کے مجموعی اخراجات تقریباً 49 ارب 76 کروڑ روپے رہے۔اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ شارٹ حج پروگرام کی مدت کم تھی، تاہم اس کے اخراجات لانگ حج پروگرام کے مقابلے میں زیادہ رہے، جس کی بنیادی وجہ کم وقت میں سفری اور رہائشی انتظامات کی لاگت کا زیادہ ہونا ہے۔
سرکاری حج سکیم کے تحت خواتین کی شرکت بھی نمایاں رہی۔ مجموعی طور پر 50 ہزار 114 خواتین نے فریضۂ حج ادا کیا، جو کل سرکاری حج کوٹے کا 43.5 فیصد بنتی ہیں۔ دوسری جانب 65 ہزار 182 مرد عازمین نے حج کیا، جن کا تناسب 56.5 فیصد رہا۔رواں سال کے اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی عوام نے فریضۂ حج کی ادائیگی کیلئے خطیر رقم خرچ کی اور بڑی تعداد میں سرکاری سکیم کے ذریعے اس عظیم عبادت کی سعادت حاصل کی۔ لانگ حج پروگرام اب بھی پاکستانی عازمین کی پہلی ترجیح رہا، جبکہ شارٹ حج پروگرام نے بھی ہزاروں افراد کو محدود وقت میں حج کی سہولت فراہم کی۔ماہرین کے مطابق حج اخراجات میں مسلسل اضافے کے باوجود پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی جانب سے حج کی ادائیگی مذہبی وابستگی اور اس مقدس فریضے سے گہری عقیدت کا مظہر ہے۔
