1965ء سے معرکہ حق تک مسلح افواج نے ثابت کیا ہے کہ 6 ستمبر کا جذبہ آج بھی مدہم نہیں ہوا: وزیراعظم
شہداء کی جرأت، غازیوں کی بہادری اور اہلِ خانہ کے عزم کو سلام، قوم مسلح افواج کے بہادروں کے ساتھ فخر سے کھڑی ہے: شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1965ء سے معرکہ حق تک مسلح افواج نے ثابت کیا ہے کہ 6 ستمبر کا جذبہ آج بھی مدہم نہیں ہوا۔
یوم دفاع کے حوالے سے اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کی جرأت، غازیوں کی بہادری اور ان کے اہلِ خانہ کے عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم پاکستان آرمی، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے بہادروں کے ساتھ فخر کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن امن کے لیے ہمارے عزم کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔ وطن کے دفاع، دہشتگردی اور جارحیت کو شکست دینے کا عزم اور صلاحیت دونوں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسا پاکستان تشکیل دینا چاہیے جو متحد، پرامن اور معاشی طور پر مضبوط ہو۔
شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ہمارے وطن کی ہمیشہ حفاظت فرمائے۔
