پاکستان سمیت 8 ملکوں کی اسرائیلی وزراء کے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی سے متعلق بیانات کی شدید مذمت

مشترکہ اعلامیے میں فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی تمام کوششیں مسترد، دو ریاستی حل کو منصفانہ اور پائیدار امن کا واحد راستہ قرار دے دیا گیا

پاکستان، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب، ترکیے اور متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی وزراء کی جانب سے غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی سے متعلق بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کی اپنی سرزمین پر ثابت قدمی کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ان آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیے میں فلسطینیوں کے جائز حقوق کو نقصان پہنچانے کی تمام کوششیں مسترد کردی گئیں۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غزہ مقبوضہ فلسطینی علاقے کا اٹوٹ حصہ ہے، جبکہ غزہ اور مغربی کنارے سمیت مقبوضہ بیت المقدس پر مشتمل فلسطینی سرزمین کا اتحاد برقرار رکھا جانا چاہیے۔

اعلامیے کے مطابق منصفانہ اور پائیدار امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل ہے، جبکہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کی کوششیں خطے کے استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

پاکستان سمیت آٹھوں ممالک نے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کی کسی بھی کوشش یا منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل کرنے کے منصوبے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہیں۔

مشترکہ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 4 جون 1967ء کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت مقبوضہ بیت المقدس ہو۔

Back to top button