کورولوش عثمان کے مشہور کردار ’میخائل کوسس‘ گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے

ترک ڈرامہ سیریل میں میخائل کوسس کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ 51 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

ترک ڈرامہ سیریل ’کورولوش عثمان‘ میں میخائل کوسس کا کردار نبھانے والے ترکیہ کے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

استنبول کے ضلع کاغتھانے میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں اداکار کو 5 ستمبر کو ان کی دوست نے مردہ حالت میں پایا۔ 51 سالہ اداکار گھر کے ایک کمرے میں کرسی پر بے حس و حرکت بیٹھے ہوئے تھے۔

اوزلم ای 3 ستمبر سے سرحات کیلیچ سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں، تاہم جب ان سے رابطہ نہ ہو سکا تو وہ انہیں دیکھنے کے لیے ان کے گھر پہنچیں۔

گھر کے اندر انہوں نے دیکھا کہ اداکار سانس نہیں لے رہے تھے، جس پر انہوں نے فوری طور پر ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کیا۔ طبی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور اداکار کی موت کی تصدیق کر دی۔

اوزلم ای نے پولیس کو بتایا کہ ان کے بوائے فرینڈ کو لمفک کینسر کا سامنا تھا۔

اداکار کی پراسرار موت کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی معائنے کے دوران جسمانی حملے کے کسی قسم کے آثار یا کھلے زخم نہیں ملے۔ حکام نے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

سرحات مصطفیٰ کیلیچ 1975 میں پیدا ہوئے تھے اور وہ ترکیہ کے معروف فلمی اور ٹی وی اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔

Back to top button