گوہر رشید ناجائز تعلقات قائم کرنیوالے شوہروں کیخلاف کیوں ہیں؟

معروف اداکار گوہر رشید نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامہ ’’جنت سے آگے‘‘ میں ان کا نعمان نامی شوہر کا کردار منفی اور مثبت پہلوئوں کی عکاسی کرتا ہے، ناظرین اس کردار سے جڑی دونوں اطراف کی مجبوریوں کو باخوبی سمجھ سکتے ہیں۔حال ہی میں اداکار نے جیو ڈیجیٹل سے اپنے کردار کے بارے میں خصوصی گفتگو کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ناظرین کو بالکل اندازہ نہیں ہے کہ ڈرامے میں آگے کیا ہونے جا رہا ہے؟ ایک سوال کے جواب میں بولے کہ ہدایتکار حسیب حسن نعمان کے کردار کو نہ منفی بنانا چاہتے تھے اور نہ ہی بہت مثبت انسان دکھانا چاہتے تھے، نعمان ایک ایسا انسان ہے جس سے ہم سب کی طرح غلطیاں بھی ہوتی ہیں اور وہ اپنی زندگی میں کہیں نہ کہیں جنت کی کمی کو محسوس کر کے کسی کاندھے یا سہارے کی تلاش میں ہے۔اداکار نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اب تک جو کہانی چل رہی ہے اس میں نعمان ایک ایسا ہی شوہر نظر آ رہا ہے جو شادی شدہ ہونے کے باوجود کسی اور خاتون میں دلچسپی رکھتا ہے لیکن میں اسے کسی بھی طرح ٹھیک نہیں سمجھتا، کسی بھی شادی شدہ مرد کو یہ حرکت زیب نہیں دیتی، وہ ذاتی طور پر ایسے تعلقات کے خلاف ہیں، جو کچھ نعمان کر رہا ہے اس کے پیچھے بھی ایک کہانی ہے لیکن بہرحال اس قسم کے تعلقات رکھنا کسی طور بھی جائز نہیں ہے۔اپنے کردار ’نعمان‘ کی خوبیوں پر بات کرتے ہوئے اداکار نے یہ بھی کہا کہ ’نعمان کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ اپنی بیوی سے کھبی اونچی آواز میں بات نہیں کرتا، ایک سوال کے جواب میں گوہر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ کبریٰ خان ایک کمال اداکارہ ہیں اور یہ بات وہ انہیں بتا بتا کہ تھک گئے ہیں، کبریٰ ان کی چند پسندیدہ اداکاروں کی فہرست میں سے ایک ہیں۔ان کی خوبی یہ ہے کہ جب وہ کسی بھی کردار میں ڈھلتی ہیں تو سامنے کھڑے ہوئے فنکار کو حیران کر دیتی ہیں، انہیں اپنے کردار میں آنے کے لیے منٹ بھی نہیں لگتا۔گوہر رشید نے مزید کہا کہ وہ خود کئی بار کبریٰ خان کے سامنے کھڑے دیکھتے رہ گئے اور جب سین ختم ہوا تو وہ ان کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے، اداکار گوہر رشید زی فائیو کی ویب سیریز ’تین تارا‘ میں اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس کے ساتھ نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک زمانے سے انہیں ہدایتکار کاشف نثار کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تھی، نامور مصنف، بی گل کی اس تحریر میں مزے دار بات یہ ہے کہ اس میں کوئی مرکزی کردار نہیں ہے۔اداکار نے مزید کہا کہ انہوں نے سکرپٹ پڑھے بغیر ہی ویب سیریز میں کام کرنے کی حامی بھر لی تھی کیونکہ وہ بڑے عرصے سے کاشف نثار کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند تھے۔

Back to top button