ایشیائی ترقیاتی بینک نے70 کروڑ ڈالرقرض کی منظوری دیدی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے انشورنس شعبے میں اصلاحات، مالی تحفظ کے فروغ اور قدرتی و معاشی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے 70 کروڑ ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کی منظوری دیدی۔
اے ڈی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انشورنس ٹرانسفارمیشن پروگرام کا مقصد انشورنس کوریج میں اضافہ، تحفظ کے خلا کو کم کرنا اور گھریلو صارفین، کاروباری اداروں، کسانوں اور سرکاری مالیات کو قدرتی آفات، شدید موسمی حالات اور دیگر خطرات سے بہتر تحفظ فراہم کرنا ہے۔
بینک کے مطابق یہ پروگرام پاکستان کے مالیاتی نظام کو زیادہ مستحکم بنانے، نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور پائیدار اقتصادی ترقی کی حمایت میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اے ڈی بی کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر، ایما فن نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان کے انشورنس شعبے کو روایتی ضابطہ جاتی نظام سے نکال کر ایک جدید، خطرات پر مبنی اور مارکیٹ دوست فریم ورک میں تبدیل کرنے میں مدد دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے لیے طویل المدتی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، جبکہ گھریلو اور کاروباری سطح پر مالی تحفظ میں اضافہ ہوگا اور انشورنس مارکیٹ زیادہ مسابقتی جامع اور مضبوط بن سکے گی۔
