بیرون ملک جانے والوں کے لیے خوشخبری، فضائی کرایوں میں بڑی کمی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے ٹکٹوں کی قیمتوں میں 40 فیصد تک نمایاں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ رعایت 5 مئی 2026 سے فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے، جس کا اطلاق خاص طور پر پاکستان سے ریاض اور دمام جانے والی پروازوں پر ہوگا۔یہ دونوں روٹس پاکستانی مسافروں کے لیے انتہائی مصروف تصور کیے جاتے ہیں، جہاں بڑی تعداد میں محنت کش، کاروباری افراد اور خاندان سفر کرتے ہیں۔پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بڑھتے ہوئے فضائی کرایوں کے بوجھ کو کم کرنا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو سستی سفری سہولت فراہم کرنا ہے۔
ایئرلائن کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ریاض اور دمام کے لیے ہفتہ وار متعدد پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں، جن میں زیادہ تر براہ راست (ڈائریکٹ) فلائٹس شامل ہیں، جس سے مسافروں کا سفر آسان اور مختصر ہو جاتا ہے۔ترجمان نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ رعایتی کرایوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ٹکٹ پہلے سے بک کروالیں کیونکہ نشستیں جلد مکمل ہونے کا امکان ہے۔ ٹکٹ پی آئی اے کی آفیشل ویب سائٹ، کال سینٹر اور مجاز ٹریول ایجنٹس کے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ اور خلیجی ایئرلائنز کے درمیان مسابقت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث قومی ایئرلائنز پر بھی دباؤ ہے کہ وہ مسافروں کو بہتر سہولیات کے ساتھ کم قیمتیں فراہم کریں۔ماہرِ ہوا بازی راجہ کامران کے مطابق حج سیزن کے دوران اور اس کے بعد مسافروں کی تعداد میں اتار چڑھاؤ آتا ہے، جس کے باعث ایئرلائنز اکثر مسافروں کو متوجہ کرنے کے لیے خصوصی رعایتیں اور آفرز متعارف کرواتی ہیں۔
