امریکہ کا پشاور میں اپنا قونصل خانہ بند کرنے کا اعلان

امریکی محکمہ خارجہ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور میں قائم اپنے قونصل خانے کو مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان کر دیا۔
محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ قونصلیٹ میں تعینات سفارتی عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں موجود امریکی سفارت خانہ اب خیبر پختونخوا سے متعلق تمام سفارتی امور کی نگرانی کرے گا۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق یہ اقدام عملے کے تحفظ اور وسائل کے مؤثر استعمال کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا کہ پشاور میں موجودگی میں تبدیلی کے باوجود پاکستان سے متعلق پالیسی ترجیحات برقرار رہیں گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکہ خیبر پختونخوا کے عوام اور حکام کے ساتھ اپنے تعلقات جاری رکھے گا، تاکہ معاشی روابط کو مضبوط بنایا جا سکے، علاقائی سلامتی کو فروغ دیا جائے اور باہمی مفادات کو آگے بڑھایا جا سکے۔محکمۂ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں امریکی مشن، بشمول اسلام آباد، کراچی اور لاہور میں موجود سفارتی دفاتر، دونوں ممالک کے تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے کام جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کے مسائل اور شدت پسندی کے واقعات وقفے وقفے سے سامنے آتے رہتے ہیں، جبکہ اس صوبے کی سرحد افغانستان سے ملتی ہے جہاں حالیہ عرصے میں سکیورٹی صورتحال حساس رہی ہے۔
