حکومت کاکراچی کے شہریوں کوسستی بجلی فراہم کرنےکااعلان

کراچی کے شہریوں کو سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے سندھ کے وزیرِ توانائی ناصر حسین شاہ نے اہم اعلان کر دیا۔

ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ کراچی کی صنعتوں اور رہائشی صارفین کو سیپرا کے تحت بجلی فراہم کی جائے گی، جس کے نرخ کے الیکٹرک کے مقابلے میں نہایت کم ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی سندھ خود پیدا کرے گا اور ایس ٹی ڈی سی کے تحت ترسیل بھی خود کرے گا، اس طرح نرخ بھی خود طے کیے جائیں گے۔

وزیرِ توانائی نے واضح کیا کہ ایس ٹی ڈی سی سے فراہم کی جانے والی بجلی کا نیپرا کے نرخوں سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، بلکہ یہ بجلی نیپرا کے مقرر کردہ نرخ سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہوگی۔ ان کے مطابق سیپرا میں عملہ بھرتی ہو چکا ہے اور اگست ہی میں نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح اکنامک زونز ہیں اور کوشش ہے کہ سیپرا کے تحت بجلی کی پہلی ترسیل فور کے گرڈ کو دی جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ اسمبلی سے سیپرا کو آئینی منظوری مل چکی ہے اور اب کراچی کے شہری بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے، بشرطیکہ ترسیلی نظام ایس ٹی ڈی سی کے پاس ہو۔

انہوں نے کے الیکٹرک کے بورڈ میں سندھ کی نمائندگی نہ ہونے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاق کے تین ڈائریکٹرز میں سے ایک وفاق کا نمائندہ اور باقی دو سندھ سے ہونے چاہئیں۔

وزیرِ توانائی کے مطابق سندھ حکومت نے کے الیکٹرک کو سولر پارکس کے ذریعے سستی بجلی فراہم کرنے کا معاہدہ بھی کیا ہے اور کے الیکٹرک سے کہا گیا ہے کہ جب سولر سے بجلی پیدا ہو رہی ہو تو مہنگے ایندھن والی بجلی نہ خریدی جائے۔

Back to top button