گورنر خیبر پختونخوا کا نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا اعلان

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کا فیصلہ،کراچی سے پشاور کیلئےروانہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا  فیصل کریم کنڈی کو کل نو منتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے حلف لینے کا حکم دیاتھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کا ردعمل میں کہنا تھا کہ میں نے کبھی بھی حلف لینے سے منع نہیں کیا، میرا جو آئینی فرض ہے، وہ ادا کروں گا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ کہا قانون و آئین پر عملدرآمد کریں گے، میرا جواب ہائیکورٹ میں جمع ہو چکا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ میں آج رات ہر صورت میں کے پی کے پہنچ جاؤں گا، گورنر کے پاس طیارہ نہیں ہوتا، وزیر اعلیٰ سندھ سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنا طیارہ فراہم کریں۔

ایک صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو سے کان میں ہونے والی باتیں آپ کو نہیں بتا سکتا۔

Back to top button