باجوڑ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی مبارک زیب خان کے گھر پر دستی بم حملہ

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نامعلوم حملہ آوروں نے وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے قبائلی اضلاع اور رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) مبارک زیب خان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق بدھ کی شام پیش آنے والے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گھر کے اندر کھڑی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا۔
پولیس اور مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ حملہ شام مغرب کی نماز کے بعد خار تحصیل کے علاقے شاہ نارے میں کیا گیا، جہاں نامعلوم افراد نے مبارک زیب خان کے گھر پر ہینڈ گرنیڈ پھینکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے فوراً بعد خار تھانے سے ایک ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی نوعیت، مقاصد اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
ایم این اے مبارک زیب خان، جو وزیراعظم کے معاونِ خصوصی بھی ہیں، نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ 14 مئی کے بعد ان کی رہائش گاہ پر ہونے والا تیسرا حملہ ہے۔
اپنے ذاتی فیس بک پیج پر جاری بیان میں انہوں نے لکھا "میرے گھر کے ساتھ واقع مہمان خانے پر ایک بار پھر دستی بم سے حملہ کیا گیا، مگر اللہ کے کرم سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔”
تاحال کسی گروہ یا فرد نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
