ہنگو : 2 دھماکے، ایس پی اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکار شہید

خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں بم دھماکے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر سمیت 3 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ دھماکے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا،دھماکے کے نتیجے میں پولیس موبائل الٹ گئی۔
پولیس حکام کےمطابق دہشت گردوں نے پہلے ہنگو کے علاقے غلمینا میں پولیس چیک پوسٹ کو بارودی مواد سے اڑایا تاہم اس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔دھماکے کےبعد جب ایس پی آپریشنز اسد زبیر دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ پر جارہے تھے تو درابن کے مقام پر پولیس کی گاڑی کو بارودی مواد سے نشانہ بنایاگیا۔
ڈی ایس پی خانزیب مہمند کےمطابق دھماکے میں ایس پی آپریشنز اسد زبیر اور 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
خیبرپختونخوا : سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 8 خوارج ہلاک
پولیس حکام کاکہنا ہے کہ دھماکے میں شہید اور زخمی ہونےوالے پولیس افسران اور اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ہنگو منتقل کردیا گیا ہے جب کہ علاقے میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
