خیبرپختونخوا : سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 8 خوارج ہلاک

سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 8 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج جہنم واصل ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق ہلاک خوارج کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا،دہشت گرد سکیورٹی فورسز،قانون نافذ کرنےوالے اداروں،شہریوں کےخلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کاکہنا ہےکہ سکیورٹی فورسز،قانون نافذ کرنےوالے ادارے دہشت گردی کے خلاف مہم جاری رکھیں گے،ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونےوالی دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔
