کسانوں کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہیں،تنہانہیں چھوڑیں گے،گورنرپنجاب

گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرکاکہناہے کہ حکومت کی جانب سے کسانوں کو ہراساں کرنے کی مذمت کرتے ہیں،پیپلزپارٹی کسانوں کو تنہانہیں چھوڑے گی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان کسان اتحاد کے وفد نے عامر وٹو کی قیادت میں ملاقات کی۔
گورنر پنجاب سردارسلیم نے دیہاتوں میں رینجرز کے ذریعے کسانوں کو ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ دیہاتوں میں رینجرز کے زور پر کسانوں،کاشکاروں پر ایف آئی آر دینے اور ہراساں کرنے کی پر زور مذمت کرتا ہوں کسان پہلے کھاد مہنگی ہونے سے پریشان ہیں، پیپلزپارٹی انھیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ نہ صرف میری طرف سے بلکہ میری قیادت کی طرف سے بھی رینجرز کی جانب سے ہونے والی زیادتیوں پرنوٹس لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کے گھروں پر رینجرز کے ذریعے چھاپے مارنا، ٹرانسفارمر اتارنا اوربلاجواز پریشان کرنا قابل افسوس ہے، رینجرز کے کسانوں کے خلاف آپریشن کی بھر پور مذمت کرتا ہوں۔
گورنرسردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ حکومت کا اووربلنگ تسلیم کرنے کے باوجود رینجرز کے ذریعے بجلی کے بلوں کی وصولی کرنے کا کوئی جواز نہیں، پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام حکومتوں نے کسانوں اور کاشتکاروں کو رگڑا لگایا۔ پیپلز پارٹی کسانوں، کاشتکاروں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتی، موجودہ مہنگائی میں کسانوں کا زندہ رہنا مشکل ہوگیا ہے ، کسانوں سے نوالہ چھین کر شہروں میں روٹی سستی کرنامناسب نہیں۔
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ہمیشہ کسانوںکے حقوق کے لئے آواز بلند کی، کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے گورنر ہائوس لاہور میں 3رکن خصوصی کمیٹی بنادی صدر ، وزیراعظم اور بلاول بھٹو سے ملاقات میں کسانوں کے مسائل سامنے رکھوں گا۔