کیرئیر میں ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنیوالی اداکارہ حریم فاروق

ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ حریم فاروق نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز کیرئیر کو اپنانا میرے لیے کافی مشکل ثابت ہوا ہے، کیرئیر میں ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اداکارہ کے مطابق انہوں نے ایسے چیلنجز کا بھی سامنا کیا، جن کا ابھی وہ ذکر بھی نہیں کر سکتیں، اداکارہ نے حال ہی میں فوشیا میگزین کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے طویل عرصے بعد اسکرین پر واپسی پر بھی کھل کر بات کی اور یہ بھی بتایا کہ انہوں نے کیمرے سے دوری کیوں اختیار کی تھی۔

اداکارہ نے مبہم انداز میں بتایا کہ وہ زندگی کو ایکسپلور کرنے نکل پڑی تھیں، انہیں کچھ مسائل کا سامنا تھا، جن کا ابھی وہ ذکر نہیں کر سکتیں، انٹرویو کے دوران حریم فاروق نے زیادہ تر صوفیانہ انداز میں باتیں کیں اور ان کی باتوں سے لگا کہ وہ صوفیت کی جانب راغب ہیں۔انہوں نے بطور خاتون پروڈیوسر پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اگر وہ ساری باتیں بتانے بیٹھ گئیں تو بہت وقت لگے گا، اس لیے صرف وہ یہ بتانا چاہتی ہیں کہ خاتون کا پروڈیوسر ہونا آسان کام نہیں، خاتون پروڈیوسر اگر کسی سے سکرپٹ یا کام کے حوالے سے کوئی سوال بھی پوچھ لیتی ہیں تو ان کے کردار کو جانچا جاتا ہے، اس پر بات کی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے سوالات کرنا نہیں چھوڑے۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بہت سارے مرد اداکار ایسے ہیں جنہیں ابھی تک یہ احساس نہیں ہوتا کہ وہ جو بات کر رہے ہیں، اس کا مطلب اور مقصد کیا ہے، اس لیے جب بھی کوئی مرد ایسی کوئی بات کرتا ہے تو وہ ان سے وہیں پر سوال پوچھتی ہیں کہ کیا وہ اپنی بات کا مطلب اور مقصد سمجھتے ہیں؟اداکارہ کا کہنا تھا کہ سوالات نہ کرنے کی وجہ سے ہی بہت ساری لڑکیوں کی زندگیاں اور گھر تباہ ہوئے، اس لیے سوالات کیے جانے چاہئیں، ان کا تعلق ایک اچھے کھاتے پیتے گھرانے سے ہے لیکن انہیں اداکارہ بننا تھا، انہوں نے والدین کو بتایا کہ وہ شوبز میں جانا چاہتی ہیں تو والدین نے انہیں تعلیم حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک بھیجنے کا فیصلہ کیا لیکن وہ نہیں گئیں۔حریم فاروق نے بتایا کہ پھر وہ اپنے آبائی شہر سے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی چلی آئیں، جہاں انہوں نے ابتدائی طور پر ایسے فلیٹ میں رہائش اختیار کی جہاں پانی و بجلی کی سہولت دستیاب نہیں تھی، ان کے مطابق وہ کئی سال تک پانی اور بجلی کی سہولت کے بغیر رہیں اور اسی دوران انہوں نے اداکاری شروع کردی۔حریم فاروق نے انکشاف کیا کہ شوٹنگ کے دوران ایک بار انہوں نے سب سے چھپ کر شاور لیا تھا جب کہ وہ بعض اوقات شوٹنگ سیٹ پر آکر اپنے پرانے کپڑے استری کیا کرتی تھیں۔انہوں نے یہ بات کئی سال تک کسی کو نہیں بتائی اور جب وہ تنہا کراچی میں رہتی تھیں تب ان کے بارے میں بہت ساری باتیں کہی گئیں اور انہوں نے ایسے چیلنجز کا بھی سامنا کیا، جن کا وہ ذکر تک نہیں کر سکتیں یہاں تک کے والدین کو بھی نہیں بتایا کیونکہ والدین کو یہ تاثر نہیں دینا چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی غیر محفوظ ہیں۔

Back to top button