مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والا حوثی ڈرون تباہ

سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن سے حوثی گروپ کی جانب سے مکہ مکرمہ کی طرف بھیجا گیا ڈرون ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کردیا۔
سعودی قیادت میں یمن میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ڈرون کو منگل 15 ستمبر کی شام تقریباً 6 بج کر 50 منٹ پر مکہ مکرمہ کے جنوب میں اس وقت روک کر تباہ کیاگیا جب وہ مقدس شہر کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونےوالا تھا۔ ڈرون کا ملبہ شہر کے جنوب میں گرا۔
سعودی فوجی اتحاد کے مطابق یہ واقعہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے بڑی اور سنگین پیشرفت ہے، مقدس مقامات کا تحفظ سرخ لکیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حوثیوں کی طرف سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش دوسری مرتبہ کی گئی ہے،حوثی باغیوں کےخلاف ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
سعودی اتحادی افواج کاحوثیوں کو جواب دینےکا اعلان
سعودی اتحادی فوج کے ترجمان ترکی المالکی نے بیان میں کہاکہ حوثیوں کی جانب سے مکہ کو نشانہ بنانےکی یہ دوسری کوشش تھی۔اس سے پہلے جولائی 2017 میں بھی مکہ پر بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔
ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب کی فضائی دفاعی فوج نے یمن کے حوثیوں کی جانب سے داغا گیا ڈرون مکہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے روک کر تباہ کر دیا۔
ترجمان نے حوثیوں پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے دنیا بھر سے مکہ میں آنےوالے لاکھوں مسلمان زائرین میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی ہے،اتحادی افواج کی مشترکہ کمان حوثی ملیشیا اور اس کے دہشت گردانہ رویے کےخلاف ضروری اقدامات کرنے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرےگی۔
