حوثیوں کی امریکی اور اسرائیلی جہازوں پر حملے نہ کرنے کی یقین دہانی

امریکی حکام کےساتھ خفیہ ملاقات کے بعد حوثی باغیوں نےامریکی اور اسرائیلی جہازوں پرحملے نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
رائٹرز کے مطابق امریکی حکام اور حوثی باغیوں کی غیر اعلانیہ ملاقات عمان کے دارالحکومت مسقط میں امریکی سفارتخانے میں ہوئی۔
رائٹرز سے گفتگو میں ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس خفیہ ملاقات میں حوثی نمائندوں نے امریکی حکام کو بتایا کہ ان کا امریکی بحری جہازوں پر حملے کا کوئی ارادہ نہیں اور وہ امریکا کے ساتھ مئی 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کی پاسداری کے لیے پُرعزم ہیں۔
ایک یمنی ذریعے نے بتایا کہ حوثیوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اسرائیلی بحری جہازوں یا دیگر تجارتی جہازوں کو بھی نشانہ نہیں بنائیں گے تاہم سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے بحری جہازوں کو اس یقین دہانی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق امریکی حکام نے اس خفیہ ملاقات کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی اور امریکی محکمہ خارجہ نے بھی ملاقات سے متعلق سوالات کا براہِ راست جواب نہیں دیا تاہم اس نے بحیرۂ احمر میں بحری سکیورٹی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
البتہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز بتایا تھا کہ حوثیوں نے ان کی انتظامیہ سے رابطہ کرکے امریکا سے یمن کی جنگ سے دور رہنے کی درخواست کی ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی پیر کو تصدیق کی تھی کہ حوثیوں کے ساتھ براہِ راست رابطے میں ہیں تاہم انھوں نے اس رابطے کی تفصیلات ظاہر نہیں کی تھیں۔
